|
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
چینی خلائی مشن کی کامیاب واپسی
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اعلان کیا ہے کہ چین کا پہلا خلا باز زمین کے گرد خلا میں چودہ چکر لگانے کے بعد بحفاظت واپس زمین پر اتر گیا ہے۔ خلائی کیپسول اکیس گھنٹے کے خلائی مشن کے بعد شمالی چین کے مقام اندرونی منگولیا میں اترا۔ چینی ذرائع کے مطابق چینی خلا باز یانگ لیوی زمین پر اترنے کے فوراً بعد کیپسول سے باہر نکلے اور امدادی ٹیموں کی طرف ہاتھ ہلا کر اشارہ کیا۔ چین کے وزیرِ اعظم وین جیاباؤ نے خلا باز کو کامیابی کے ساتھ مشن مکمل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ چین امریکہ اور روس کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے جس نے انسان بردار خلائی مشن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ گو کہ اسے روس اور امریکہ کی خلائی برابری کرنے میں چالیس سال لگے۔ شن ژاؤ فائیو نامی خلائی جہاز جی ایم ٹی کے وقت کے مطابق جمعرات کو دس بجکر چار منٹ پر زمین کے مدار میں داخل ہوا۔ چین کے صدر ہو جینٹو نے چین کے پہلے انسان بردار خلائی مشن کو چینی قوم کے لئے ایک تاریخی قدم کہا ہے۔ خلائی مشن مکمل کرنے والے خلا باز اڑتیس سالہ لیفٹیننٹ یانگ لیوی ہیں جو چین کے شمال مشرقی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ بیجنگ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یانگ لیوی کو چین میں قومی ہیرو کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے اس مشن کوخلائی تحقیقات کی تاریخ میں اہم کارنامہ کہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||