عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 |  شعیب اختر کافی دنوں سے زخمی ہیں |
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر کو فوری طور پر وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاسٹ بولر ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے ہیں اسی تکلیف کے سبب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف سترہ گیندیں کرسکے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے ٹیم منیجمنٹ کو ہدایت کی تھی کہ زیادہ زخمی ہونے کی صورت میں شعیب اختر کو وطن واپس بھیج دیا جائے۔ شعیب اختر اور ٹیم منیجر ہارون رشید نے توقع ظاہر کی تھی کہ وہ فٹ ہوکر اگلے میچ میں کھیلنے کے قابل ہوجائیں گے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے غالبا میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر شعیب اختر کو آسٹریلیا میں مزید رکنے کے بجائے وطن واپس بلانے کو ترجیح دی ہے تاکہ وہ بھارت کے اہم دورے کے لئے مکمل فٹ ہوجائیں ۔ چیف سلیکٹر وسیم باری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ فی الحال کسی متبادل کھلاڑی کو آسٹریلیا نہیں بھیجا جارہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عباس زیدی نے بی بی سی کو بتایا کہ شعیب اختر کی وطن واپسی کا تعلق مبینہ سیکس سکینڈل سے نہیں ہے جس میں ایک پاکستانی کرکٹر کو ملوث بتایا گیا ہے۔
|