محمد آصف اور سلمان بٹ واپڈا کی ٹیم میں شامل

محمد آصف اور سلمان بٹ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے بحالی پروگرام کا حصہ ہیں
،تصویر کا کیپشنمحمد آصف اور سلمان بٹ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے بحالی پروگرام کا حصہ ہیں
وقت اشاعت

پاکستان کے بجلی کے محکمے واپڈا نے حال ہی میں سپاٹ فکسنگ کے جرم میں سزا کاٹنے والے دو کھلاڑیوں سلمان بٹ اور محمد آصف کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

سابق چیمپین واٹر اینڈ پاور ڈیویلپمنٹ یعنی ’واپڈا‘ کے چیئرمین ظفر محمود نے سلمان بٹ اور محمد آصف کی ٹیم میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑی 26 اکتوبر سے پاکستان کے مختلف شہروں میں شروع ہونے والے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں واپڈا کی ٹیم میں نظر آئیں گے۔

خبر رساں ادارے ایف ایف پی کے مطابق ظفر محمود کا کہنا ہے کہ ’مجھے آصف اور سلمان کی دستیابی کے بارے میں بتایاگیا تو میں نے سپورٹس ڈپارٹمنٹ کو انھیں شامل کرنے کی منظوری دی اور انھیں نے ان کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔‘

محمد آصف اور سلمان بٹ اس وقت سپاٹ فکسنگ کے جرم میں پانچ سالہ پابندی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے بحالی پروگرام کا حصہ ہیں۔

سنہ 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران محمد آصف، سلمان بٹ اور محمد عامر پر سپاٹ فکسنگ سکینڈل سامنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں کو جیل اور پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چئیرمین ظفر محمود نے سلمان بٹ اور محمد آصف کی ٹیم میں شامل کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے
،تصویر کا کیپشنچئیرمین ظفر محمود نے سلمان بٹ اور محمد آصف کی ٹیم میں شامل کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے

ان تینوں کھلاڑیوں پر اگست 2010 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں پیسوں کی خاطر جان بوجھ کر نو بال کروانے کا الزام تھا۔

جنوری میں اپنی پابندی مکمل کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی سے ڈومیٹسک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

ظفرمحمود کا کہنا ہے کہ وہ ان دونوں کھلاڑیوں کو دوسرا موقع دینے کے حامی ہیں۔

’ان دونوں کھلاڑیوں کو دوسرا موقع ملنا چاہیے۔ میرے خیال میں جنھوں نے جرم کی سزا کاٹ لی ہے وہ ان سے بہتر ہیں جنھیں ان کے غلط کاموں کی سزا نہیں ملی ہے۔‘

دوسری جانب خبر رساں ادارے ایف ایف پی سے بات کرتے ہوئے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ ’میں کافی عرصے سے ٹریننگ کر رہا ہوں اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی واپسی کے لیے بے چین ہوں۔‘

واضح رہے کہ پی سی بی گذشتہ ماہ کہہ چکا ہے کہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو فرسٹ کلاس کرکٹ سے قبل کلب کرکٹ کھیلنی چاہیے۔