چیچنیا:روسی فوجی کارروائی ختم

روس نے جمہوریہ چیچنیا میں ’انسدادِ دہشتگردی آپریشن‘ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
روس کی انسدادِ دہشتگردی کمیٹی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ آپریشن ختم کرنے کا مقصد خطے میں حالات معمول پر لانے اور ان میں مزید بہتری ہے۔
اس بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی ہے کہ آپریشن کے خاتمے کا چیچنیا میں فوج کی تعیناتی اور علاقے میں نافذ سکیورٹی پابندیوں پر کیا اثر پڑے گا۔ ان پابندیوں میں کرفیو، سڑکوں پر موجود رکاوٹیں اور چیچنیا میں تعینات سکیورٹی افواج کی جانب سے مشتبہ اسلامی جنگجوؤں کی تلاش کے لیے کیے جانے والے تلاشی آپریشن شامل ہیں۔
روسی سکیورٹی فورسز نے سوویت یونین کے زوال کے بعد سے مسلم اکثریتی چیچنیا میں دو بڑی کارروائیاں کی ہیں۔ اگرچہ کئی برس سے روسی افواج اور چیچن جنگجوؤں میں کوئی بڑی لڑائی نہیں ہوئی ہے تاہم چھوٹی موٹی جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔
گزشتہ ماہ روس کے صدر دیمتری میدویدو نے اپنے سکیورٹی مشیروں سے کہا تھا کہ وہ ایک عشرہ قبل شروع ہونے والےاس آپریشن کے خاتمے پر غور کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیچنیا میں حالات بہت حد تک بہتر ہو چکے ہیں۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ ’ہمیں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع ضرور پیدا کرنے چاہیئیں‘۔















