9/11 کے ہلاک شدگان کی باقیات گراؤنڈ زیرو پہنچا دی گئیں

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ کے شہر نیو یارک میں ایک تعزیاتی تقریب کے بعد 9/11 کے واقعے میں ہلاک ہونے والے ہزاروں غیر شناخت شدہ افراد کے باقیات ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام یعنی گراؤنڈ زیرو پر پہنچا دیے گئے ہیں۔
چیف میڈیکل اگزیمنر کے دفتر سے پندرہ گاڑیوں میں ان باقیات کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر ایک ریپوزیٹوری میں رکھا گیا ہے۔
اس اقدام کے حوالے سے لوگوں کی رائے منقسم ہے اور ہلاک شدگان کے کچھ لواحقین نے اس موقعے پر احتجاج بھی کیا ہے۔
<link type="page"><caption> امریکہ میں نائن الیون کی یادیں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2012/09/120911_us_9-11_memorials_sa.shtml" platform="highweb"/></link>
گیارہ ستمبر 2001 کو نیویارک، واشنگٹن ڈی سی اور پینسلوینیا میں تقریباً 3000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ان باقیات میں انسانی ریشوں کے 7930 ٹکڑے شامل ہیں جن کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
امریکی پرقم میں لپٹے دھاتی بکسوں میں بند کر کے باقیات کو فائر بریگیڈ اور پولیس کی گاڑیوں میں گراؤنڈ زیرو لایا گیا۔
9/11 میموریل میوزیئم میں ان کے ایک مخصوص جگہ رکھی گئی ہے۔ یہ ریپوزیٹوری سطحِ زمین سے 20 میٹر نیچے ہے اور صرف لواحقین اور تحقیقی ٹیموں کو اس تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس مقام کا منتظم چیف میڈیکل اگزیمنر کا دفتر ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کا کہنا ہے کہ فرینزک سائنس میں ممکنہ ترقی کے بعد اس اقدام سے ان باقیات کی شناخت میں مدد مل سکتی ہے۔
ہلاک شدگان کے کچھ لواحقین نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر ایک خاموش احتجاجی ویجل کا بھی انتظام کیا تھا تاہم باقیات کی منتقلی کے تقریب کے آغاز سے پہلے اسے ختم کر دیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
ان حملوں میں ہلاک ہونے والے ایک فائر مین کی والدہ سیلی ریگن ہارڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ شہری حکام نے اس معاملے میں لواحقین کی رائے نہیں پوچھی ہے کیونکہ ان میں سے زیادہ تر اس کے خلاف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے بیٹے اور 3000 متاثرین کی انسانی باقیات کو ایک خوبصورت اور باعزت یادگار میں ہونا چاہیے نہ کہ ایک عجائب گھر کے تہہ خانے میں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم مشتعل ہیں اور غم و غصے میں ہیں۔ یہ ایک بے حرمتی ہے۔‘
روسالین ٹیلون کا بھائی بھی ان حملوں میں ہلاک ہوا۔ وہ کہتی ہیں کہ ’ان (باقیات) کا ایک عجائب گھر میں رکھے جانا بچوں کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے۔‘
تاہم اس سے قبل نیویارک کے مئیر کے دفتر نے اعلان کیا تھا کہ یہ تقریب ایک ’باوقار اور محترم انداز‘ میں منعقد کی جائے گی۔
9/11 کے حملوں میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں 2753 ہلاک ہونے والوں میں سے 1115 کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
’ون ٹریڈ سنٹر‘ نامی عمارت جسے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے، مغربی دنیا کی بلند ترین عمارت ہے۔



















