عراق: پارلیمانی انتخابات میں نوری المالکی کی برتری

،تصویر کا ذریعہAFP
عراق کے پارلیمانی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق ملک کے وزیر اعظم نوری المالکی اور ان کے اتحادیوں نے 92 نشستیں حاصل کی ہیں تاہم اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نوری المالکی اور اتحادیوں کا اتلافِ دولتِ القانون نامی جماعت نے پارلیمان کی 328 میں سے 92 نشستیں حاصل کی ہیں۔
نوری المالکی کے مخالف دو شیعہ رہنما امر الحکیم اور مقتدیٰ الصدر کی حمایتی جماعت احرار 57 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
مالکی تیسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار ہیں تاہم ان کے مخالفین نے اس کی مخالفت کی ہے۔
وزیراعظم کے مخالفین اس سال ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے لیے انہیں ذمہ دار ٹھہراتے ہیں جس میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ان انتخابات میں 328 پارلیمانی سیٹوں کے لیے نو ہزار سے زیادہ امیدوار میدان میں تھے۔















