جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کو’سنگین نتائج‘ کی دھمکی

،تصویر کا ذریعہREUTERS
جنوبی کوریا نےگذشتہ ہفتے دونوں ملکوں کے درمیان غیر فوجی علاقے میں بارودی سُرنگ دھماکے کے الزام کے بعد شمالی کوریا کو ’سنگین نتائج‘ کی دھمکی دی ہے۔
دھماکے میں جنوبی کوریا کے ایک سپاہی کی دونوں ٹانگیں، جبکہ دوسرے کی ایک ٹانگ کٹ گئی تھی۔
یاد رہے اس سے قبل جنوبی کوریا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دھماکے میں شمالی کوریا ملوث نہیں ہے۔
لیکن پیر کو وزارتِ دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’شمالی کوریا کی بارودی سُرنگوں میں دھماکہ خیز مواد ہلاکتوں کے ارادے کے تحت نصب کیا گیا تھا۔‘
حکام کے مطابق شمالی کوریا والوں نے چوری چھپے جنوبی کوریا کی انتہائی محفوظ سرحد میں داخل ہو کر اُس کی پوسٹ کے قریب تین بارودی سُرنگیں نصب کیں۔
جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ جنوبی اور شمالی کوریا کے مابین ہونے والے ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے کے فوجی معاہدوں کی کُھلی خلاف ورزی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ پہلے بھی کئی مواقع پر شمالی کوریا کو خبردار کیا گیا ہے کہ اُن کی اشتعال انگیزیوں کی صورت میں ہماری فوج کی جانب سے بھی مُنھ توڑ جواب دیا جائےگا۔‘
چار کلو میٹر پر مشتمل غیر فوجی علاقے کا شمار دنیا کی سب سے محفوظ سرحدوں میں ہوتا ہے۔ یہ علاقہ شمالی اور جنوبی کوریا کو ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے۔ یاد رہے کہ کسی جنگ بندی کے معاہدے کی عدم موجودگی میں دونوں ملک اب بھی حالتِ جنگ میں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















