امریکہ: کولوراڈو کے کلینک میں فائرنگ، تین ہلاک

ایک مرد حملہ آور کو پولیس نے حراست میں لیا ہے جبکہ ابھی تک اس فائرنگ کے اسباب کی اطلاعات نہیں ہیں
،تصویر کا کیپشنایک مرد حملہ آور کو پولیس نے حراست میں لیا ہے جبکہ ابھی تک اس فائرنگ کے اسباب کی اطلاعات نہیں ہیں
وقت اشاعت

امریکی شہر کولوراڈو سپرنگز میں پولیس کا کہنا ہے کہ پیدائش کنٹرول کے ایک کلینک میں ہونے والی فائرنگ میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہلاک شدگان میں ایک پولیس اہلکار جبکہ دو عام شہری شامل ہیں۔ مرنے والے پولیس اہلکار کا نام میجر سوتھر بتایا گیا ہے جبکہ فائرنگ میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

ایک مرد حملہ آور کو پولیس نے حراست میں لیا ہے جبکہ ابھی تک اس فائرنگ کے اسباب کی اطلاعات نہیں ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ ’پلینڈ پیرنٹ ہڈ‘ کلینک میں فائرنگ کا واقعہ کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کی وجہ سے متعدد افراد کلینک میں پھنس کر رہ گئے تھے۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 11 افراد زخمی ہیں جن میں پانچ پولیس اہلکار شامل ہیں لیکن اس بات کا علم نہیں ہے کہ آیا مرنے والے ان زخمیوں میں سے ہیں؟

سٹی پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس علاقے کی تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا
،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا

ایک پڑوس کے سیلون کے منیجر ڈینیسی سپیلر نے بتایا کہ انھوں نے پانچ منٹ کے اندر کم از کم 20 بار گولی چلنے کی آواز سنی۔

پولیس نے پڑوس کے دکانداروں کو اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

پلینڈ پیرنٹ ہڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابھی اس بات کا علم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا ان کا ’کلینک ہی اس حملے کا ہدف تھا۔‘

بیان میں کہا گيا: ’ہماری تشویش مریضوں، سٹاف اور قانون نافذ کرنے والوں کی حفاظت تھی۔‘

نیویارک سٹی پولیس نے کہا ہے کہ اس کلینک کے قرب و جوار میں کریٹیکل رسپانس گاڑیاں تعینات کردی گئی ہیں جبکہ شہر کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

پلینڈ پیرنٹ ہڈ صحت کا رضاکار گروپ ہے جس کے ملک بھر میں 700 کلینک ہیں۔ بعض کلینکوں میں اسقاط حمل کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ اسے اسقاط حمل کے مخالفین کی جانب سے احتجاج کا سامنا رہا ہے۔