فلوریڈا کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے دو ہلاک، متعدد زخمی

فائرنگ کے واقعے کے بعد تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنفائرنگ کے واقعے کے بعد تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے
وقت اشاعت

امریکی ریاست فلوریڈا میں حکام کے مطابق ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 16 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شب فورٹ میئرز نامی شہر میں رات ساڑھے 12 بجے (04:30 جی ایم ٹی) کلب بلو میں پیش آیا۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور حکام کا کہنا ہے کہ جس نائٹ کلب میں فائرنگ ہوئی وہاں نوجوانوں کی ایک پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

حکام نے تاحال ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

مقامی نشریاتی ادارے ڈبلیو آئی این کے کا کہنا ہے کہ عینی شایدین کے مطابق کلب میں افراتفری کی صورتحال تھی۔

 رواں ماہ امریکی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب پر حملے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے
،تصویر کا کیپشن رواں ماہ امریکی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب پر حملے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے

سیریٹا گیتی کی بیٹی اس وقت کلب میں موجود تھیں، انھوں نے فاکس 4 نیوز چینل کو بتایا: ’خدا کا شکر ہے کہ میری بیٹی ٹھیک ہے اس کو گولی لگ سکتی تھی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ میری بیٹی ’گولیوں سے بچتی ہوئی گاڑیوں کے درمیان بھاگ رہی تھی۔‘

ایک گھر اور ایک گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

حکام اس حملے کا مقصد جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی امریکی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب پر حملے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔