امریکہ: ٹی وی پر صدارتی مباحثے کے ریکارڈ ناظرین

دنیا بھر میں لاکھو لوگوں نے اس بحث کو براہ راست انٹرنیٹ پر نشر ہوتے بھی دیکھا جبکہ بہتوں نے بار یا پھر مختلف پارٹیوں میں اجتماعی طور پر دیکھا
،تصویر کا کیپشندنیا بھر میں لاکھو لوگوں نے اس بحث کو براہ راست انٹرنیٹ پر نشر ہوتے بھی دیکھا جبکہ بہتوں نے بار یا پھر مختلف پارٹیوں میں اجتماعی طور پر دیکھا
وقت اشاعت

امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لیے ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گذشتہ روز ہونے والے پہلے مباحثے کو ٹی وی پر تقریباً آٹھ کروڑ 40 لاکھ افراد نے دیکھا اور یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس سے پہلے سنہ 1980 میں جمی کارٹر اور رونالڈ ریگن کے درمیان ہونے والی صدارتی مباحثے کا شمار تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے صدارتی مباحثے میں ہوتا تھا۔ اس مباحثے کو آٹھ کروڑ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا تھا۔

امریکہ میں جمع کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ہونے والے صدارتی مباحثے کو ٹی وی پر دیکھنے والے صرف اُن ناظرین کو شامل کیا گیا ہے کہ جنھوں نے مباحثہ صرف 13 امریکی ٹی وی چینلوں پر براہ راست دیکھا۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ اصل تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہے کیونکہ بہت سے لوگوں نے دنیا کے دیگر حصوں میں بھی اس کو دیکھا ہے۔

تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں لاکھوں افراد نے اس بحث کو براہ راست انٹرنیٹ پر نشر ہوتے ہوئے دیکھا جبکہ کئی افراد نے یہ مباحثہ مختلف بارز یا پھر اجتماعی گروہ کی شکل میں دیکھا۔

ڈیٹا فراہم کرنے والی کمپنی نیلسن کا کہنا ہے کہ بیشترً ناظرین نے 98 منٹ تک جاری رہنے والی اس بحث کو مکمل طور یعنی شروع سے آخر تک دیکھا۔

منگل کو اس بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انھیں معلوم تھا کہ یہ بحث و مباحثہ لوگ بڑی تعداد میں دیکھیں گے اور ’ٹی وی کی تاریخ میں ناظرین کی یہ بڑی تعداد میں سے ایک ہوگا۔‘

آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ابھی ہلیری کلنٹن اور ٹرمپ کے درمیان ٹی وی پر دو اور، نو اور 19 اکتوبر کو، مباحثے ہونے باقی ہیں
،تصویر کا کیپشنآٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ابھی ہلیری کلنٹن اور ٹرمپ کے درمیان ٹی وی پر دو اور، نو اور 19 اکتوبر کو، مباحثے ہونے باقی ہیں

امریکہ میں سنہ 2015 میں نیشنل فٹبال لیگ کی سپر باؤل مقابلے میں، نیو انگلینڈ اور سیئیٹل کے درمیان کھیل، کو اب تک کے سب سے زیادہ، یعنی تقریباً 11 کروڑ چالیس لاکھ ناظرین ٹی وی پر دیکھ چکے ہیں اس طرح صدارتی مباحثے کی تعداد اب سب سے زیادہ ہے۔

آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ہلیری کلنٹن اور ٹرمپ کے درمیان دو ٹی وی مباحثے ہونا باقی ہیں اور یہ مباحثے نو اور 19 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔

نو اکتوبر کو صدارتی مباحثے اور این ایف ایل کی دو بڑی ٹیموں، گرین بے پیکرز اور نیو یارک جائنٹ، کے درمیان میچ ایک ہی وقت میں ہوگا۔اس طرح یہ دیکھنا پڑے گا کہ ناظرین فٹبال میچ جو ترجیح دیتے ہیں یا صدارتی مباحثے کو۔

پہلی بحث میں کس امیدوار کا پلڑا بھاری رہا ہے ابھی یہ تصویر پوری طرح سے واضح نہیں ہے لیکن آنے والے دنوں میں اس سے متعلق سنجیدہ جائزے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

محترمہ کلنٹن کا کنا ہے کہ انھیں لگتا ہے کہ پہلی بحث سے ان کے اور مسٹر ٹمپ کے درمیان اہم اختلافات اجاگر ہوئے
،تصویر کا کیپشنمحترمہ کلنٹن کا کنا ہے کہ انھیں لگتا ہے کہ پہلی بحث سے ان کے اور مسٹر ٹمپ کے درمیان اہم اختلافات اجاگر ہوئے

منگل کو ہلیری کلنٹن نے کہا کہ انھیں لگتا ہے کہ پہلی بحث سے اُن کے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم اختلافات اُجاگر ہوئے۔

اس بارے میں مسٹر ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ انھوں نے ٹی وی پر ہونے والی بحث سے کیا محسوس ہو؟ جس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ اچھا رہا ہے لیکن انھوں نے شکایت کہ ٹی وی میزبان لیسٹر ہالٹ نے کلنٹن کے سکینڈلز پر زیادہ زور نہیں دیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کا دل چاہ رہا تھا کہ بحث میں وہ بل کلنٹن کے بہت سارے افیئر کے بارے میں بات کریں لیکن چونکہ ناظرین میں ہلیری کلنٹن کی بیٹی چیسلی کلنٹن بھی بیٹھی تھیں اس لیے انھوں نے ایسا نہیں کیا۔

انھوں نے کہا: ’میں کئی طرح سے ان پر اور تگڑا وار کرتا۔ میں حقیقی طور پر تھوڑا نرم پڑ گیا کیونکہ میں کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا۔‘