سلمان بٹ اور محمد آصف کی کرکٹ میں واپسی

سلمان بٹ اور محمد آصف نے چونکہ تاخیر سے اپنا جرم قبول کیا تھا لہذا ان کا بحالی کا پروگرام دیر سے شروع ہوا تھا
،تصویر کا کیپشنسلمان بٹ اور محمد آصف نے چونکہ تاخیر سے اپنا جرم قبول کیا تھا لہذا ان کا بحالی کا پروگرام دیر سے شروع ہوا تھا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف پانچ سال کے بعد ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدان میں نظر آنے والے ہیں۔

یہ دونوں کرکٹرز اتوار کے روز قومی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا کی طرف سے فاٹا کے خلاف حیدرآباد میں میچ کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بی بی سی کو دیے انٹرویو میں کہا کہ ’پابندی ختم ہونے کے بعد واپسی ان دونوں کرکٹرز کا قانونی حق ہے۔‘

ان دونوں کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی آئندہ ماہ ہوگی اور قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کا انحصار فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی کارکردگی پر ہوگا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے بھی گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ محمد عامر کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کا بھی خیرمقدم کریں گے اور سلیکٹرز کو ان دونوں کی کارکردگی پر نظر رکھنی چاہیے۔

قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کا انحصار فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی کارکردگی پر ہوگا
،تصویر کا کیپشنقومی ٹیم میں ان کی شمولیت کا انحصار فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی کارکردگی پر ہوگا

یاد رہے کہ سلمان بٹ محمد آصف اور محمد عامر سنہ 2010 میں انگلینڈ کے دورے میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے، جس پر آئی سی سی نے تینوں کرکٹرز پر پانچ سالہ پابندی عائد کردی تھی۔ جبکہ لندن کی عدالت نے بھی سلمان بٹ کو ڈھائی سال، محمد آصف کو ایک سال اور محمد عامر کو چھ ماہ کی سزا سنائی تھی۔

تینوں کرکٹرز پر پابندی چار ستمبر کو ختم ہوئی تھی۔ تاہم آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے تعاون کرنے پر محمد عامر کو پابندی کی مدت ختم ہونے سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی تھی۔

سلمان بٹ اور محمد آصف نے چونکہ تاخیر سے اپنا جرم قبول کیا تھا لہذا ان کا بحالی کا پروگرام دیر سے شروع ہوا تھا جس کا کافی حصہ اب یہ دونوں کرکٹرز مکمل کرچکے ہیں اس لیے انھیں بھی ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔