سلمان بٹ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں سنچری سے واپسی

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے سپاٹ فکسنگ کے جرم میں کرکٹ کھیلنے پر پانچ سال کی پابندی کے خاتمے کے بعد اتوار کو اپنے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ میچ میں کھیلتے ہوئے شاندار سنچری بنائی ہے۔
اسی میچ میں تیز باؤلر محمد آصف کی بھی واپسی ہوئی اور انھوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ باؤلر محمد عامر اور ان دونوں کھلاڑیوں پر 2010 میں انگلینڈ کے خلاف کرکٹ ٹیسٹ میچ میں میچ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر کرکٹ کے بین الاقوامی ادارے آئی سی سی نے پابندی لگا دی تھی۔ گذشتہ برس ستمبر میں ان دونوں کھلاڑیوں پر سے پابندی اٹھی تھی جس کے بعد وہ قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔
محمد عامر پر سے بھی پابندی میں 2015 میں نرمی کر دی گئی تھی اور اب وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر گئے ہیں۔
محمد آصف اور سلمان بٹ واپڈا کی طرف سے کھیلتے ہیں اور مذکورہ میچ حیدرآباد شہر میں وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں، فاٹا، کی ٹیم کے خلاف تھا۔
سلمان بٹ نے 14 چوکوں کی مدد سے 143 گیندوں میں 135 رنز بنائے جبکہ محمد آصف نے چھ اووروں میں 22 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اتوار کو ہونے والا یہ میچ واپڈا نے آسانی سے جیت لیا۔















