’حوثی باغیوں نے غیر ملکی مغوی رہا کر دیے‘

،تصویر کا ذریعہEPA
اطلاعات کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں نے چھ غیر ملکی مغویوں کو رہا کر دیا ہے۔ یمن کے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ان مغویوں میں تین امریکی اور ایک برطانوی شہری شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کا کہنا ہے کہ رہا کیے جانے والے غیرملکیوں کے کوائف کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے، تاہم کہا جا رہا ہے کہ ان افراد کو حوثیوں نے کئی ماہ پہلے اغوا کیا تھا۔
واضح رہے کہ حوثی باغی یمن کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر چکے ہیں جن میں دارالحکومت صنعا بھی شامل ہے۔
گذشتہ برسوں کے دوران یمن میں کئی غیر ملکیوں کو اغوا کیا جا چکا ہے، تاہم ان میں اکثر کو مذاکرات کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق تازہ ترین واقعے میں رہا کیے جانے والے افراد کو کئی ماہ پہلے اغوا کیا گیا تھا اور ان میں سے کم از کم ایک صحافی تھا جو حوثی قبائل کو بتائے بغیر ملک میں داخل ہوا تھا۔
گذشتہ ماہ القاعدہ کی مقامی شاخ نے برطانوی مغوی باب سیمپل کو رہا کیا تھا۔ 64 سالہ باب کو 18 ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا۔
سعودی عرب کی سربراہی میں اتحاد کی کوشش ہے کہ جلا وطن صدر عبدالربوہ منصور ہادی کا اقتدار دوبارہ بحال کیا جائے۔ وہ گذشتہ برس حوثیوں کی پیش قدمی کے بعد ملک سے فرار ہو گئے تھے۔
اتحادی افواج نے جولائی میں جنوبی ساحلی شہر عدن سے حوثیوں کو نکالنے میں جنوبی ملیشیا کی مدد کی تھی۔ اس کے بعد سے حکومت نواز فورسز شمال کی طرف پیش قدمی کر رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اقوامِ متحدہ کے مطابق اب تک اتحادی افواج کے حملوں میں 4500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے کم از کم 2110 عام شہری ہیں۔



















