امریکہ: گرم ہوا کے غبارے کو حادثہ، 16 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی ریاست ٹیکساس میں حکام کے مطابق ایک گرم ہوا کے غبارے کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں سوار تمام 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
گرم ہوا کے غبارے میں آگ بھڑک اٹھنے کے بعد وہ ریاستی دارالحکومت آسٹن سے 50 کلومیٹر جنوب میں لوکہارٹ کے مقام پر کھیتوں میں جا گرا تھا۔
کالڈویل کاؤنٹی کے پولیس اہلکار ڈینئل لا کا کہنا ہے کہ جب امدادی عملہ وہاں پہنچا تو اس وقت بھی غبارے کی ٹوکری میں آگ لگی ہوئی تھی۔
مقامی میڈیا کے جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ویڈیوز سے ظاہر ہوتا ہے کہ غبارہ ایک اونچے بجلی کے کھمبے کے قریب گرا تاہم فی الحال اس حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
پولیس اہلکار ڈینئل لا کا کہنا ہے کہ ’ایسا نہیں لگتا کہ غبارے میں سوار افراد میں سے کوئی بھی زندہ بچا ہے۔‘
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ( ایف اے اے) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ غبارہ مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر 40 منٹ پر کھیتوں میں گرا۔
ایف اے اے کے تفتیش کار موقع پر پہنچ رہے ہیں جبکہ دی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس واقع کی تحقیق کرے گا۔















