
فیس بک نے رواں سال مئی میں اپنے شیئرز بازار حصص میں فروخت کے لیے پیش کیے تھ
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے پہلی بار بازار حصص میں کمپنی کے شیئرز میں تیزی سے گراوٹ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
فیس بک نے رواں سال مئی میں اپنے شیئرز بازار حصص میں فروخت کے لیے پیش کیے تھے اور اب تک ان شیئرز کی مالیت تقریباً پچاس فیصد کم ہو گئی ہے۔
مارک زکربرگ کےمطابق فیس بک اب ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی بجائے موبائل فونز کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کرے گی۔
امریکی شہر سان فرانسسکو میں ایک کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’حقیقت میں آج سے چھ ماہ پہلے تک موبائل فون پر ہمارے پاس ایک بھی اشتہار نہیں تھا۔‘
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ ہے اور اس کے صارفین کی تعداد پچانوے کروڑ ہے۔
مارک زکربرگ سے جب پوچھا گیا ہے کہ مارکیٹ میں مسلسل یہ افواہیں ہیں کہ فیس بک موبائل فون متعارف کرا رہی ہے تو اس پر انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔
مارک زکربرگ کے مطابق’موبائل فون کے صارفین کی تعداد ایک کروڑ یا زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ بیس لاکھ تک پہنچ جائے گی، ہمارے لیے موبائل فون ایک غلط حکمت عملی ہوگی۔‘
رواں سال مئی میں فیس بک نے جب اپنے حصص فروخت کے لیے پیش کیے تھے تو ایک حصص کی قمیت اڑتیس ڈالر تھی اور اب یہ انتیس اعشاریہ چار تین ہو چکی ہے۔






























